منگل 20 اکتوبر 2026 - 15:17
امام زمانہ (عج) سے تجدید عہد کے لئے حرم حضرت معصومہؑ میں حوزہ علمیہ کی 600 جدید الورود طالبات کی حاضری

حوزہ/ قم المقدسہ میں حوزہ علمیہ خواہر کے نئے تعلیمی سال میں داخلہ لینے والی 600 طالبات نے حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم مطہر میں منعقدہ تقریب میں امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے تجدید عہد کرتے ہوئے دینی تعلیمات کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں حوزہ علمیہ خواہر کے نئے تعلیمی سال میں داخلہ لینے والی 600 طالبات نے حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم مطہر میں منعقدہ تقریب میں امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے تجدید عہد کرتے ہوئے دینی تعلیمات کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ تقریب حرم مطہر کے شبستان حضرت زہرا سلام اللہ علیہا میں منعقد ہوئی، جس میں جدید الورود طالبات نے شرکت کی۔

حوزہ علمیہ خواہران قم کی مدیر زہرا سادات مومنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی معارف سے آراستہ اور باشعور خواتین کی تربیت اسلامی نظام کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے دینی علوم کا حصول ایک اہم ذمہ داری ہے، کیونکہ وہ خاندان اور معاشرے میں دینی اقدار کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دینی تعلیمات سے واقف خواتین نئی نسل کی تربیت اور رہنمائی کے ذریعے اسلامی اقدار کو عام کرسکتی ہیں۔ ان کے مطابق، حوزوی تعلیم حاصل کرنے والی خواتین اسلامی انقلاب کے افکار کو دنیا بھر میں متعارف کرانے اور اسلام کی حقیقی تعلیمات پیش کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے خواتین کو جہادِ تبیین اور میدانِ مزاحمت میں بھی پیش پیش قرار دیا۔

حوزہ علمیہ کے استاد حجۃ الاسلام والمسلمین علی اصغر قائمی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین دینی تعلیم و تربیت کے میدان میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں اور اسلامی علوم و معارف سے آگاہی معاشرے میں مثبت تبدیلیوں اور خاندانی نظام کے استحکام کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

انہوں نے حوزوی تعلیم کو امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت قرار دیتے ہوئے طالبات پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے خودسازی اور علمی و اخلاقی ترقی کے لیے فائدہ اٹھائیں اور امام زمانہؑ کے ظہور کی راہ ہموار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha